ون ڈے فارمیٹ میں گیندوں سے متعلق قانون میں تبدیلی کا امکان

لاہور(سپورٹس رپورٹر)ون ڈے فارمیٹ میں گیندوں سے متعلق قانون میں تبدیلی کا امکان‘تبدیلی کی تجویز سارو گنگولی کی سربراہی میں کام کرنے والی آئی سی سی مینز کرکٹ کمیٹی نے بورڈ کے سربراہان کو پیش کی۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ایک روزہ فارمیٹ میں بیٹرز اور بائولرز کے درمیان مقابلہ میں توازن رکھنے کیلئے ایک اننگز میں دو مختلف اینڈز سے دو مختلف گیندوں کے استعمال کے قانون میں تبدیلی کے متعلق سوچ رہا ہے۔گزشتہ ہفتے ہرارے میں آئی سی سی میٹنگ میں تجویز پیش کی گئی جس کے مطابق اننگز کے 35 ویں اوور کے بعد سے ایک گیند استعمال کی جائیگی۔ہر اننگز شروع تو دو گیندوں کیساتھ ہی ہوگی لیکن فیلڈنگ سائیڈ کے پاس یہ اختیار ہوگا کہ وہ 34 ویں اوور کے بعد باقی اوورز کیلئے دونوں میں کس گیند کا انتخاب کریں۔ جو گیند نہیں چْنی جائیگی اس کو فاضل گیند کے طور پر رکھا جائیگا۔کرکٹ کمیٹی نے گیند کی تبدیلی کیلئے 25 اوور بعد کا خیال پیش کیا تھا جس کو کمیٹی ممبران کی جانب سے ہی پذیرائی نہیں مل سکی۔ کرکٹ بورڈز اس ماہ کے آخر تک اس متعلق اپنی رائے پیش کریں گے اور اس قانون پر اتفاق ہونے کی صورت میں جولائی میں ہونے والی آئی سی سی کی سالانہ جنرل میٹنگ میں اس کو حتمی شکل دیدی جائیگی۔

ای پیپر دی نیشن