لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک یا رسول اللہؐ کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا حکومت کا 15 مارچ کو ’’یوم تحفظ ناموس رسالتؐ ‘‘ منانے کا فیصلہ قابل تحسین ہے۔ اسلامو فوبیا سے نمٹنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر مسلسل جد و جہد کرنے کی ضرورت ہے۔ مغرب میں جس تیزی سے معاذ اللہ قرآن جلانے اور توہین رسالتؐ کے واقعات ہو رہے ہیں۔ ان کیخلاف بڑے جہاد کی ضرورت ہے۔ ان کی مذمت کیلئے ملک میں صرف ایک دن منانا کافی نہیں، جاندار فیصلوں اور ان پر عملدرآمد ناگزیر ہے۔ حکومت پاکستان ابھی تک نیٹ پر موجود گستاخانہ مواد کو بلاک کرنے میں ناکام ہے۔ لاکھوں کی تعداد میں اکاؤنٹس ہیں جو گستاخانہ مواد سے بھرے پڑے ہیں۔ سندھ میں حضرت لعل شہباز قلندر کے دربار شریف پر پیش آنے والے واقعے نے تو مسلمانوں کو جھنجوڑ کے رکھ دیا ہے۔ لیکن افسوس ہے کہ ابھی تک قانون حرکت میں نہیں آیا ہے۔ ملک میں آئے دن اصحابِ رسولؐ، آلِ رسولؐ، ازواجِ رسولؐ اور قرآن مجید کی توہین کی جارہی ہے، مگر حکومت ان گستاخوں کے سامنے بے بس نظر آ رہی ہے۔