عبدالعلیم خان کی زیر صدارت اجلاس ،ایک منصوبہ میں ساڑھے 13 ارب کی بچت 

لاہور (نیوز رپورٹر)نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو وفاقی وزیر مواصلات کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے صرف ایک منصوبے میں ساڑھے 13 ارب روپے کی بچت ہوئی ہے اور نئی شرائط پر صوبہ خیبر پختونخواہ میں سرائے صالح سے حویلیاں ہائی وے کی تعمیر میں کنٹریکٹر نے مقابلتاً بہتر شرائط پر معاہدہ کیا ہے جس کے باعث اس خطیر رقم کی بچت ممکن ہو سکی ہے۔اس امر کا اظہار وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت ہونیوالے این ایچ اے کے اعلی سطحی اجلاس میں کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ رتو ڈیرو سے شکارپور، جامشورو سے سہون سمیت اہم منصوبوں کو 30 جون سے قبل مکمل کیا جائے۔ ایسے کنٹریکٹرز کو بلیک لسٹ کیا جائے گا جو منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر کا باعث بنتے ہیں۔ عبدالعلیم خان نے صوبہ سندھ میں لینڈ ایکوزیشن کی رپورٹ سمیت تمام زیر تکمیل منصوبوں پر ٹائم لائن طلب کر لی۔ کچھ تو خدا خوفی کریں اور جن منصوبوں کیلئے ڈونر اداروں کی طرف سے فنڈز موجود ہیں ان میں تاخیر ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔وفاقی وزیر مواصلات نے ہدایت کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو منصوبوں کے کنٹریکٹ کی شرائط کو تبدیل کرنا چاہیے تا کہ منصوبوں میں تاخیر کا خمیازہ حکومت کی بجائے کنٹریکٹرز کو ہو۔

ای پیپر دی نیشن