پاکستان بھارت کشیدگی کے بعد پاکستان کا فلائٹ آپریشن معمول پر آگیا

 کراچی(آئی این پی )   قومی ایئرلائن(پی آئی اے ) کا قبل ازحج آپریشن جاری ہے، پی آئی اے نے 40 پروازوں سے12ہزار 500 سے زائد عازمین حج کو مدینہ منورہ پہنچا دیا۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے 20 مئی سے عازمین حج کو جدہ پہنچائے گی، قومی ایئرلائن کا قبل ازحج آپریشن 29 مئی تک جاری رہے گا، پی آئی اے 36 ہزار سے زائد عازمین کو حجاز مقدس پہنچائے گی۔دوسری جانبپاک بھارت کشیدگی کے بعد پاکستان کا فلائٹ آپریشن معمول پر آگیا۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق سعودی عرب سمیت 15 ممالک نے پاکستان کے مختلف ایئر پورٹس کیلئے پروازیں شروع کر دیں، حج فلائٹ آپریشن بھی تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہے۔ اس کے علاوہ سعودی ایئر لائن نے   لاہور اور اسلام آباد کیلئے بھی پروازیں شروع کیں، جس کے بعد 3 بڑے ایئرپورٹس سے ملکی اورغیرملکی پروازوں کی منسوخی 15رہ گئی ہے۔ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان سے حج پروازوں کو معمول پر لانے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔فلائٹ شیڈول کے مطابق  منگل کو سیالکوٹ، پشاور، کوئٹہ، فیصل آباد اور ملتان سے کوئی پرواز منسوخ نہیں کی گئی جبکہ بحرین، دوحہ، سیالکوٹ اور مدینہ سے اسلام آباد جانے والی قومی فضائی پروازوں کو لاہور منتقل کر دیا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن