کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل سے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے گورنرہاس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں صوبہ میں کورونا وائرس کی رو ک تھام، ٹڈی دل کے خاتمہ اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات میں چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے گورنر سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پورے ملک سے ٹڈی دل کے خاتمہ کے لیے اتھارٹی موثر کردار ادا کر رہی ہے ،پنجاب سے ٹڈی دل کا خاتمہ کر دیا گیا ہے جبکہ سندھ کے کچھ اضلاع میں ٹڈی دل کے خاتمہ کے لیے کاروائیاں جاری ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کراچی کے 6 ہسپتالوں کے لیے 525 بیڈز دے گی ہسپتالوں میں عباسی شہید، سندھ قطر ہسپتال اور دیگر شامل ہیں اس کے ساتھ سندھ حکومت کی ہر شعبہ میں مدد کی گئی ہے اس ضمن میں صوبہ میں صورتحال کی بہتری تک اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے - گورنر سندھ نے کورونا وائرس کی رو ک تھام اور ٹڈی دل کے خاتمہ کے لیے نیشنل ڈیز اسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اتھارٹی قابل تحسین کردار ادا کر رہی ہے۔