بہاولپور(بیورو رپورٹ‘ نیوز رپورٹر) بلوچستان کے عوام کو تعلیم کی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ اس خطہ کے لوگوں کو شعور و آگاہی سے آراستہ کر کے انہیں قومی دھارے میں کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جا سکے ۔ یہ بات وزیراعلی بلوچستان سردار سرفراز حسین بکٹی نے صادق پبلک سکول بہاولپور کے دورے کے موقع پر نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بلوچستان کی ترقی کے لیے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے اور اس کے لیے وفاقی حکومت کی بھی بھرپور سپورٹ حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ صادق پبلک سکول کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں جس کے تحت صادق پبلک سکول بہاولپور میں بلوچستان کے نوجوانوں کو اعلی معیار کی تعلیم دلائی جائے گی۔ اسی طرح ملک کے دیگر نامور تعلیمی اداروں سے بھی معاہدے کر کے بلوچستان کے عوام کو قومی دھارے میں لانے کی سعی کی جائے گی ۔انہوں نے صادق پبلک سکول کی انتظامیہ خصوصا پرنسپل ڈیوڈ ڈاؤزلز کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بلوچستان کے طلبہ کے لیے داخلہ میں زیادہ کوٹہ دینے کا وعدہ کیا ہے ۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو سیاسی دھارے میں آنا ہوگا اور پارلیمنٹ سے ہی ان کے لیے ریلیف کے دروازے کھلیں گے۔ بانی پی ٹی آئی اپنی ضد اور ہٹ دھرمی کو چھوڑ کر پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کریں ۔انہوں نے نوائے وقت کو استحکام پاکستان کے لیے رائے عامہ ہموار کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔