لاہور (نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما، سابق وزیر داخلہ چودھری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ چار بھائیوں کے پانی کا فیصلہ کوئی ایک بھائی نہیں کر سکتا، ایک بھائی کے پاس چاہے ٹینک ہو یا جہاز وہ ایسا فیصلہ نہیں کر سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مغلپورہ میں پیپلز پارٹی کے رہنما عابد صدیقی کی بیٹی کی شادی کی تقریب میں شرکت کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حکومت جرات کرکے بتا دے کہ پنجاب کے کن اضلاع سے پانی چولستان کینال میں جائے گا۔ ہمیں کہتے ہیں کہ اگر نہروں کی بات کریں گے تو ملک دشمن ہیں۔ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ نہری ایشو پر پیپلز پارٹی کو سندھ اور بلوچستان کی حکومتیں بھی قربان کرنا پڑیں، تو کر دینی چاہئیں۔ نئی نہریں بننے سے ملک اور وفاق کمزور ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پانی صرف سندھ اور پنجاب کا نہیں پاکستان کا مسئلہ ہے۔ سندھ سے زیادہ پانی کا مسئلہ پنجاب کا ہے۔