لاہور(خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک یا رسول اللہؐ و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام مجدد دین و ملت، اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان قادریؒ کی تعلیمات کو اجاگر کرنے کیلئے 47 ویں افکارِ رضا سیمینار کا انعقاد مرکزی جامعہ مسجد غوثیہ رضویہ میں کیا گیا۔ علامہ پیر محمد عرفان علی نقشبندی جلالی نے اپنی والدہ کے چہلم کے سلسلہ میں یہ سیمینار منعقد کروایا۔ تحریک لبیک یارسول اللہؐ کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے ’’بعد از وصال تکریمِ مومن‘‘ کے موضوع پر مقالہ پیش کرتے ہوئے کہا اسلام میں بعد از وصال بھی مومن کو طرح طرح کی تکریم و توقیر سے نوازا جاتا ہے۔ اس کے جسد خاکی کو غسل دینے والے، کفن پہنانے والے، اسے خوشبو لگانے والے اور اس کی چارپائی اٹھانے والوں کے یوں گناہ معاف کر دئیے جاتے ہیں جیسے آج ہی اس کی ماں نے اس کو جنم دیا ہے۔ فوت شدہ مومن کے اعزاز کی خاطر اس کی چارپائی کے پیچھے چلنے والوں، جنازہ پڑھنے والوں اور اس کی تدفین میں شرکت کرنیوالوں کو پہاڑوں جتنے ثواب سے نوازا جاتا ہے۔ زندہ مسلمان کو پابند کر دیا گیا ہے کہ اس کی خوبیاں بیان کریں اور اس کی کوئی خامی زبان پر نہ لائیں۔ دنیا سے چل بسنے والے اس مسلمان کیلئے ایصالِ ثواب، استغفار اور دعاؤں کا حکم ہے۔ اس کی قبر کا بھی احترام ہے۔