ترجمان پاک بحریہ نے کہا ہے کہ امیر البحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے قطر کے سرکاری دورے کے دوران قطری وزیر اعظم سے خصوصی ملاقات کے علاوہ مسلح افواج کے چیف آف سٹاف اور کمانڈر قطر امیری نیول فورسز سے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں ۔ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور باہمی سمندری تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امیر البحر نے خطے میں میری سکیورٹی اور امن یقینی بنانے کا اعادہ کیا۔ امیرالبحر نے قطر کی بحریہ کی مختلف تنصیاب کا بھی دورہ کیا۔ نیول بیس پہنچنے پر قطر کی بحری فورس کے سربراہ نے ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا پرتپاک استقبال کیا۔ انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ امیر البحر نے میری ٹائم وار فیئر اور ٹریننگ سنٹر اور اکیڈمی کا دورہ بھی کیا۔ بعد میں امیر البحر نے قطر میں الجزیرہ میڈیا نیٹ ورک کا دورہ کیا اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر سمیت دیگر صحافیوں کے ساتھ مباحثے میں حصہ لیا۔ امیر البحر نے اپنے دورے کے دوران تنازعہ کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کا اجاگر کیا۔ امیر البحر کے دورے سے دونوں ممالک بالخصوص بحریہ کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہو ںگے۔