لاہور+نوشہرو فیروز( سٹاف رپورٹر+این ین آئی)پڈعیدن ریلوے اسٹیشن کے قریب 366 کلومیٹر کے مقام پر ابراہیم شاہ کے قریب اپ ریلوے ٹریک پر کریکر بم دھماکہ،کراچی سے لاہور جانے والی گرین لائن ایکسپریس بڑے حادثہ سے بال بال بچ گئی،اپ ریلوے ٹریک بلاک، مختلف ٹرینوں کو پڈعیدن ریلوے اسٹیشن پر روک دیا گیا،ریلوے ٹریک پر پولیس کی بھاری نفری تعینات،ڈی ایس ریلوے،اور ایس ایس پی نے دھماکہ کی تصدیق کی،تفصیلات کے مطابق پڈعیدن ریلوے اسٹیشن کے قریب 366 کلومیٹر کے مقام پر اپ ریلوے ٹریک پر کریکر بم دھماکہ سے ساڑھے تین فٹ ریلوے ٹریک کا ٹکڑا ٹوٹ گیا جس سے ریلوے ٹریک تباہ ہوگیا،جس کے باعث اپ ریلوے ٹریک پر گاڑیوں کی آ مدرفت معطل ہوکر رہ گئی،واقع کی اطلاع پر ڈی ایس ریلوے سکھر طارق لطیف ایس ایس پی نوشہرو فیروز الطاف حسین لغاری ایس ایچ او ریلوے پڈعیدن غلام حسن کورائی اے ڈبلیو آ ئیں غلام یاسین،پی ڈبلیو آ ئی دیلادار علی نے پہنچ کر رسکیو علمہ طلب کرلیا،اپ ریلوے ٹریک بلاک ہونے سے کراچی سے پشاور جانے والی خیبر میل ایکسپریس اور کراچی سے سکھر جانے والی سکھر ایکسپریس کو پڈعیدن ریلوے اسٹیشن پر روک دیا گیا،اور نوشہرو فیروز سے بم ڈسپوزیبل اسکورڈ کو طلب کرلیا گیا۔ دھماکہ دیسی ساختہ کا کریکر بم تھا جس کا وزن تقریباً ایک کلو کے قریب تھا۔ ریلوے ذرائع کے مطابق بم ڈسپوزیبل اسکواڈ نے ریلوے ٹریک کو کلیئر قرار دے دیا ہے ، تاہم پانچ گھنٹہ بعد مرمتی کام کے بعد اب ریلوے ٹریک کو بحال کر دیا گیا ہے۔ لاہور سے سٹاف رپورٹر کے مطابق روہڑی ریلوے ٹریک پر کریکر دھماکے کے بعد ملک بھر کے تمام بڑے ریلوے سٹیشنوں، ریلوے ٹریکس اور دیگر ریلوے تنصیبات پر سکیورٹی کو بڑھا دیا گیا ہے۔ اسی تناظر میں ایس پی ریلوے پولیس لاہور ملک محمد عتیق نے ریلوے سٹیشن لاہور تا شاہدرہ بذریعہ موٹر ٹرالی ٹریک چیکنگ کی۔ ایس پی ریلوے لاہور نے ہمراہی دیگر عملہ ریلوے پولیس ریلوے سٹیشن لاہور، بادامی باغ اور شاہدرہ سٹیشن کے ٹریک کا خصوصی معائنہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایس پی ریلوے لاہور کا کہنا تھا کہ شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں اور ریلوے ٹریک سمیت ریلوے مسافروں کی جان و مال کو تحفظ فراہم کرنا ترجیحات میں شامل ہے۔