اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیرِ اعظم شہباز شریف کی جانب سے تشکیل کردہ خام چینی کی درآمد پر کمیٹی کا اہم اجلاس وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق، رانا تنویر حسین کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں خام چینی کی درآمد سے متعلق اہم امور زیرِ بحث آئے۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ خام چینی کی درآمد ملکی سفید چینی کی قیمتوں کے استحکام میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔کمیٹی نے خام چینی کی درآمد کے فوائد، افادیت اور ممکنہ خدشات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ رانا تنویر حسین نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ خام چینی کی درآمد کے اثرات اور اس کے طریقہ کار پر جامع تحقیق کریں، تاکہ مقامی کاشتکاروں اور معیشت پر اس کے اثرات کو سمجھا جا سکے۔