لاہور(خصوصی نامہ نگار)متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر انتظام سکھ مذہب کے 326ویں خالصہ جنم دن اور وساکھی میلہ 2025 کی تقریبات کے انتظامات کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس متروکہ وقف املاک بورڈ ہیڈ آفس میں ہوا۔ پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی و صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے انتظامی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ،ایڈیشنل سیکرٹری شرائز سیف اللہ کھوکھر، ڈپٹی سیکرٹری شرائنز عمر جاوید اعوان، سکیورٹی آفیسر شرائنز چوہدری عاصم کے علاوہ پاکستان آرمی ،پولیس ،رینجرز ،مختلف اضلاع کے انتظامی افسران ،لیسکو،کسٹمز ،امیگریشن او دیگر اہم اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں تقریبات کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سکھ یاتریوں کی آمد اور قیام کیلئے رہائش کی فراہمی، رسومات کی ادائیگی اور اہم امور پر بحث کی گئی۔ صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے کہا سکھ یاتریوں کو میڈیکل، قیام و طعام،سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی اور انہیں فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ تمام متعلقہ وفاقی، صوبائی ادارے، ضلعی حکومتیں متروکہ وقف املاک بورڈ اور پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔