ملتان (نمائندہ نوائے وقت) دربار حضرت بہاء الدین زکریا و حضرت شاہ رکن عالم کے سجادہ نشین و وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود حسین قریشی نے حضرت شاہ رکن عالم ؒ708ویں سالانہ عرس مبارک کی اختتامی تقریب میں عرس کے سلسلے میں مثالی انتظامات کرنے پر اپنے خطاب میں ڈپٹی کمشنر ملتان عامر کریم خان اور ملتان انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا زائرین کی رہائش اور سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ذاتی دلچسپی لیکر بزرگان دین سے اپنی عقیدت اور محبت کا اظہار کیا ہے۔ عرس پر صفائی کے مثالی انتظامات تھے۔ آپ نے عرس کے انتظامات میں ذاتی دلچسپی لیکر زائرین کی خدمت کی جس پر اللہ تعالیٰ اور ولی کامل آپ کو اجر عطا کریں گے۔انہوں نے عرس کے انتظامات پر محکمہ اوقاف ملتان‘ کمشنر ملتان ڈویڑن‘ آ رپی او ملتان کی کاوشوں کو بھی سراہا۔