دنیا کو بیایا پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ‘ گورنر سندھ : کل یوم تشکر منانے کا اعلان

کراچی(کامرس رپورٹر)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کل(منگل) گورنر ہائوس ایوانِ صدر روڈ پر یومِ اظہار تشکر منانے کااعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ ہمارے سپہ سالار کو پاکستانی ارطغل کا نام دے رہا ہوں،مدرز ڈے کا کیک شہدا اور غازیوں کی مائوں کے نام کرتا ہوں۔گورنر ہائوس کراچی میں مدرز ڈے(یومِ ماں)سے متعلق تقریب منعقد ہوئی جس میں خواتین نے شرکت کی۔اس موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کیک کاٹا۔ کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہا کہ اللہ تعالی نے ہمیں دنیا کے سامنے سر خرو کیا۔انہوں نے کہا کہ ہماری افواج نے سب کا سر فخر سے بلند کردیا، اپنے سپہ سالار کو پاکستان ارطغل کا نام دے رہا ہوں، پوری قوم افواج پاکستان ایئر فورس اور نیوی کے شانہ بشانہ کھڑی نظر آئی۔گورنر سندھ نے کہاکہ ہماری پوری قوم بے خوف اور بے فکر تھی، اس کی سب سے بڑی وجہ ہے عوام کا اعتماد اپنی فوج پر تھا، کشیدگی کے دوران گورنر ہائوس اور اس کی ٹیم بھی پیچھے نہیں رہی۔کامران ٹیسوری نے کہاکہ پاک فوج نے اندھیروں میں بزدلانہ کارروائی نہیں کی۔ ہماری فوج نے دن کی روشنی میں فیصلہ کن حملے کر کے دشمن کے دانت کھٹے کیے۔انہوں نے کہا کہ عوام مطمئن تھے، ان کا اعتماد افواج پاکستان پر تھا، اپنی ساری افواج کے سربراہان اور ڈی جی آئی ایس آئی کو مبارک باد دیتا ہوں، پوری دنیا نے دیکھا کہ پاکستان نے پہل نہیں کی۔گورنر سندھ نے کہا کہ دنیا کو بتا دیا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، مدرز ڈے کا کیک پاکستان کے شہدا اور غازیوں کی مائوں کے نام کرتا ہوں۔انھوں نے کہا کہ منگل کو گورنر ہائوس ایوانِ صدر روڈ پر یومِ اظہار تشکر منایا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن