زندہ باد آپریشن بنیان مرصوص

رسی جل گئی مگر بل نہیں گیا۔ یہ محاورہ نریندر مودی پر صادق آتا ہے۔ قارئین بھارت کی انٹرنیشنل جگ ہنسائی انتہا پسند ہندوؤں کو مزید اشتعال انگیزی کی جانب دھکیل رہی ہے۔ چشمِ فلک نے دیکھ لیا کہ کس طرح پاکستانی فائیٹرز نے اپنی بہادری کے جوہر دکھائے کہ دنیا انگشت بہ دندان ہوگئی۔
بھارت میں پاکستانی جانبازوں کی ائیر سٹرائیک کہ" گھر میں انہیں گھس کر مارا" والی ویڈیو کا ہر منظر رونگٹے کھڑے دیتا ہے ، ہم نے یہ سب کچھ کتابوں میں پڑھا تھا ، آج دیکھ بھی لیا کہ شاہین کیسے جھپٹتے ہیں، یہ کسی فلم کا سین نہیں۔یہ علی الصبح صرف دو گھنٹوں میں ہونے والی تباہی کا ایک چھوٹا سا پیکج ہے۔ اور یہ صرف ٹریلر تھا اور یہ ٹریلر پوری دنیا نے دیکھا کہ خود سے کئی گنا بڑے ، ہاتھی نما دشمن پر یہ عقابوں کی طرح جھپٹ پڑے ، ان کے سارے دعوؤں ، ائیر ڈیفنس سسٹم اور بڑے اہداف کی  دھجیاں اڑا دی گئیں۔ یہ گونج مدتوں یاد رہے گئی۔ دشمن کے زخم سالوں رستے رہیں گے۔ 
 "آپریشن بنیان مرصوص" زندہ باد۔ دشمن یہ جان لے کہ ابھی تو چائنہ کا مال چل رہا ہے ، ڈاکٹر قدیر والا تو استعمال نہیں کیا۔ اب تو اکھنڈ بھارت کا راگ الاپنے والوں نے خوب جان لیاہوگا کہ انڈیا اسرائیل نہیں اور پاکستان غزہ نہیں۔کرکٹ کے میدان میں بلوں کی ٹک ٹک سے روایتی دشمن گمان کیے بیٹھا تھاکہ ہم پاکستانی ان پر کبھی کسی میدان میں فوقیت حاصل نہیں کر سکتے۔
 امریکی صحافی نک رابرٹسن نے سی این این میں اعتراف کیا کہ بھارتی حملے کے بعد پاکستان نے بھارت پر نہ رکنے والے میزائلوں کی بارش کر دی۔پاکستانی میزائل حملوں کے بعد بھارت مذاکرات کی میز پر آنے پر مجبور ہوا۔ چائنہ نے مضحکہ خیز ویڈیو کے ذریعے بھارتی سینا کی جو مٹی پلید کی ہے۔ وہ ناقابلِ بیان ہے۔ڈیلی ٹیلی گراف نے پاکستان ائیر فورس کو "فضاؤں کا بادشاہ" قرار دے دیا۔ پاکستان بھر سے شہری فوجی ٹرکوں پر پھول نچھاور کر رہے ہیں۔ 
مودی جی کس قوم سے دو دو ہاتھ ہونے کا سوچا جارہا ہے۔؟؟؟ جہاں پنڈ کے چاچے میزائل کے پاس اپنی نگرانی میں میزائل چلواتے ہوں۔ جہاں عوام پاک فوج کی جانب سے مار گرائے جانے والے تباہ شدہ ڈرونز کو مزید لاتیں، گھونسے مار مار کر پتیسہ بنا رہے ہوں۔جہاں جذبہ شہادت سے موجزن عوام فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں۔ جہاں کے کبوترباز اب آسمانوں پر ڈرونز کی کڑی نگرانی کرتے ہوں۔ ایسے غیور عوام جن میں ڈر،خوف وہراس نام کا عنصر شامل نہ ہو، ان کو ڈرایا دھمکایا جائے۔ سوال ہی ہیدا نہیں ہوتا۔ 
کہاں گئے وہ پلاسٹک کے سپر مین جو "بالی وڈ" میں پاکستان فتح کرنے کی ایکٹنگ کرتے تھے۔؟؟؟
پاکستانی سوشل میڈیا پر عوام نے بھارت کو دبوچ لیا اور خوب جگتیں لگائیں۔ کسی نے کہا کہ آپریشن سندور کو پاک فوج نے آپریشن تندور بنادیا۔ ایک شہری نے پوسٹ کیا کہ رافیل طیاروں سے تو ہمارے وڑائچ طیارے اچھے ہیں۔جو ٹاپو ٹاپ لاہور تو پہنچاتے ہیں۔ بھارتی خاتون پائلٹ کے پکڑے جانے پرپاکستانیوں کے چٹکلوں کا الگ ہی لیول رہا۔ سوشل میڈیا پر یہ بات گردش کرتی رہی کہ چائے پینے والے کے بعد حاضر خدمت ہے چائے بنانے والی یعنی ابھی نندن پارٹ ٹو۔۔۔ کمال ہے اس لڑکی نے 80 کروڑ ڈالر والا مہنگا ترین رافیل جہاز چھوڑ دیا لیکن اپنا موبائل نہیں چھوڑا۔ 
قارئین! بھارتی میڈیا بالخصوص نفسیاتی مریض ارنب گو سوامی، میجر گوروآریا سٹھیایا ہوا پاگل فوجی،میجر بخشی کہ خدا اس کو کبھی نہ بخشے جیسے لوگ اپنی جنتا(عوام) کے لیے نفسیاتی پروپیگنڈا خوب کرتے ہیں۔ انہوں نے بھارتی عوام کو فیک نیوز کے ذریعے بھر بھر کر مشتعل کر دیا ہے۔ لفظ"بونگیاں" بھی ان کے لیے مہذب ہے۔ چند روز قبل ایک شگوفہ چھوڑا کہ کراچی، پنڈی، سیالکوٹ، مظفر آباد نیز دیگر شہروں میں بھارتی فوج نے آگ بھر دی ہیاور تو اور لاہور بندرگاہ کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے۔ قارئین ملاحظہ کر لیجئے کہ کس نہج کی رپورٹنگ ہے۔ شاید نہر و نہر کو بندرگاہ سمجھ بیھٹے ہیں۔۔۔ مودی اینڈ کمپنی عوام کو خوف و ہراس میں مبتلا نہ کر سکی مگر متحد ضرور کر گئی۔انٹرنیشنل سطح پر لعنتیں وصول کرنے کے بعد بھارت کے سلجھے عوام مودی پر دباؤ بڑھا رہے ہیں کہ جنگ بندی کی جائے لیکن آر ایس ایس کے انتہا پسند غنڈے جو مودی جی نے اپنے آستین میں پالے تھے وہ ہرگز ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ اطلاعات موصول ہو رہی ہیں کہ بالی وڈ کے وہ اداکار جو جنگ بندی کے حوالے سے پاکستان کے لیے ذرا سی بھی ہمدردی کی جسارت کر رہے ہیں ان کے خلاف سخت گھیراؤ آپریشن کیا جا رہا ہے۔ ہو سکتا ہے کہ مسلم اداکاراؤں کے اثاثوں کو بھارت قبضے میں لے لے۔ علاوہ ازیں اقلیتوں پر مظالم کے سلسلے کا آغاز ہوا چاہتا ہے۔ سیز فائر معاہدہ اس تناظر میں صرف ہوائی ہوگا۔ ہمیں چوکنا رہنا ہوگا۔ ہو سکتا ہے کہ مودی کے انکار کی صورت میں مودی کا اقتدار اور جان خطرے میں پڑ جائے۔ امیت شاہ، اعلیٰ عسکری و سیاسی شخصیت کو نشانہ بناکر پاکستان پر حملے کا جواز اکٹھا کیا جا سکتا ہے۔ یوگی ادیتہ ناتھ کے ہاتھ اگر بھارت کی باگ دوڑ آتی ہے تو غزوہ ہند ہی شروع ہوگا۔ بھارت کے سلجھے ہوئے عوام جانتے ہیں کہ بہار الیکشن آ رہا ہے اور پہلگام پر حملہ بھی مودی کی سوچی سمجھی چال ہے۔

ای پیپر دی نیشن