ضلع کچہری و جوڈیشل کمپلیکس کی تمام دکانوں پر اسرائیلی مصنوعات کی فروخت پر پابندی عائد

راولپنڈی(جنرل رپورٹر)ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی نے فلسطین میں مسلمانوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسرائیلی مصنوعات کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے اور ضلع کچہری راولپنڈی و جوڈیشل کمپلیکس کی تمام دکانوں پر اسرائیلی مصنوعات کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اسرائیلی مصنوعات کی خرید وفروخت میں ملوث پائے جانے والے شخص کی دکان یا کھوکھے کا اجازت نامہ فوری منسوخ کردیا جائے گا ایسوسی ایشن نے پوری قوم سے اسرائیل کی تمام مصنوعات کے مکمل بائیکاٹ کے ساتھ تاجر برادری سے بھی اپیل کی ہے وہ اپنی دکانوں سے ہر قسم کی اسرائیلی مصنوعات فوری طور پر ہٹا دیں اس امر کا اعلان گزشتہ روز ڈسٹرکٹ بار کے جناح ہال میں منعقدہ ایسوسی ایشن کے جنرل باڈی اجلاس میں کیا گیا بعد ازاں وکلا کی بڑی تعداد نے کچہری چوک تک یکجہتی فلسطین مارچ کیا قبل ازیں بار کے صدر سردار منظر بشیر کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں سیکریٹری بار اسد محمود ملک، ممبر پنجاب بار کونسل حاجی توفیق آصف، ہائی کورٹ بار کے جنرل سیکرٹری ملک خلیل اعوان، ڈسٹرکٹ بار کی نائب صدر نائلہ فیصل ملک، جوائنٹ سیکرٹری رانا عاشر، زبیر جلال، راجہ آصف محمود، راجہ نذیر احمد، ملک صالحہ، خواجہ جاوید اقبال سمیت وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وکلا قائدین نے کہا کہ ہمیں اسرائیل کی تمام مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کر دینا چاہیے یہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ وہ فلسطین اور غزہ کے مسلمان بھائیوں پر ظلم جبر اور بربریت کے جو پہاڑ توڑ رہے ہیں اس کے باوجود امت مسلمہ کے علمبردار ممالک ان کے خلاف زباں بندی کئے ہوئے ہیں انہوں نے بار کے صدر سردار منظر بشیر اور جنرل سیکرٹری اسد محمود ملک و دیگر عہدیداران کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اتنے بڑے مقصد کے لئے جنرل باڈی اجلاس طلب کر کے مظلوم فلسطینیوں کی آواز کو پاکستانی عوام اور عالم اسلام تک پہنچانے کے لئے بارش کے پہلے قطرے کا کردار ادا کیا انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کیا جانا چاہئے

ای پیپر دی نیشن