بھارت: 2 لاکھ بھتہ نہ دینے پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کو بم سے اڑانے کی دھمکی  

نئی دہلی (آئی این پی+ نیٹ نیوز) بھارت میں واقع قدیم علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کو بم سے اڑانے کی دھمکی ملی جس کے بعد انتظامیہ میں ہلچل مچ گئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کو گزشتہ روز ایک دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی جس میں دو لاکھ روپے ادائیگی کا مطالبہ کیا گیا اور مطالبہ پورا نہ ہونے کی صورت میں یونیورسٹی کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی۔ اس دھمکی آمیز ای میل کے ساتھ ہی یونیورسٹی انتظامیہ میں ہلچل مچ گئی اور فوری طور پر پولیس اور دیگر حکام کو اطلاع دی گئی۔ پولیس، انسداد دہشتگردی کی ٹیم اور بم ڈسپوزل سکواڈ نے جامعہ پہنچ کر یونیورسٹی کی مکمل تلاشی لی لیکن کوئی دھماکا خیز مواد برآمد نہیں ہوا۔ دوسری جانب بھارتی ریاست اترپردیش کے ریلوے سٹیشن پر نماز پڑھنے پر 2 مسلمانوں کو قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنا پڑ گیا جس سے نام نہاد سیکولر سٹیٹ کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوگیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش میں ریلورے سٹیشن کے احاطے میں اپنی کار کے پیچھے نماز پڑھنے پر دو مسلمانوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ یہ مقدمہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے مقامی رہنماؤں نے درج کرایا ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ اس عمل کی وجہ سے کار پارکنگ کا مقصد فوت ہوگیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ بی جے پی کے غنڈوں نے دونوں نمازیوں کے ساتھ ہاتھا پائی کی اور نفرت آمیز نعرے بازی کی۔

ای پیپر دی نیشن