ملتان+بہاولپور ( خبرنگار خصو صی+ بیوروپورٹ ) سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے ڈپٹی کمشنر آفس بہاولپور میں کورونا ویکسی نیشن مہم(RED) کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی اور کورونا ویکسی نیشن مہم فیز 2کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب نے کورونا ویکسی نیشن مہم کوتیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ 31دسمبر تک مقررکردہ ہدف کا حصول یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ بہاولپور نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کورونا ویکسینیشن فیز2کا کل ہدف 7لاکھ 73 ہزار 736 ہے جبکہ روزانہ کا ہدف34630 مقرر کیا گیا ہے اس سلسلہ میں ضلع بھر میں 211 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو ہدف کے حصول کیلئے بھرپور محنت کررہی ہیں۔ دریں اثناء سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب نے گورنمنٹ ہائی سکول 12/BC کا دورہ کیا۔ بعد ازاں سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے گندم کی فصل کامعائنہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ گندم کی فصل کو پہلا پانی بروقت لگائیں اور جڑی بوٹیوں کی تلفی یقینی بنائیں۔