خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور بھارتی جارحیت کے بعد پاکستان کی جانب سے آپریشن بنیان مرصوص شروع کیے جانے پر چین نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اہم بیان جاری کیا ہے چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ وہ خطے کی بدلتی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور پاکستان بھارت پر زور دیتا ہے کہ وہ بات چیت کے ذریعے تنازعات کا سیاسی حل تلاش کریں چینی حکام نے دونوں ممالک سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور اشتعال انگیز اقدامات سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو چاہیے کہ وہ امن و استحکام کے وسیع تر مفاد میں باہمی تعاون کو فروغ دیں اور پرامن ذرائع سے مسائل کا تصفیہ کریں چین کا کہنا ہے کہ ایسی کوئی بھی کارروائی جو کشیدگی میں مزید اضافہ کرے نہ صرف دونوں ممالک کے بنیادی مفاد کے خلاف ہے بلکہ پورے خطے کے امن کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے چینی دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ یہی وہ رویہ ہے جس کی عالمی برادری بھی توقع رکھتی ہے اور چین اس ضمن میں مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے