راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)منہاج القرآن انٹرنیشنل کی نظامت دعوت کے راہنما علامہ سرفراز قادری نے کہا ہے کہ اسلام تمام انسانی رشتوں اور محبتوں کا نہ صرف احترام کرتا ہے بلکہ انہیں بہترین طریق پر نبھانے کا حکم دیتا ہے، شرط صرف یہ عائد کرتا ہے کہ یہ تعلقات اللہ، رسولؐ اور دین کی محبت پر غالب نہ آئیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز تحریک منہاج القرآن راولپنڈی کینٹ کی تنظیمات کے زیر اہتمام رحمانیہ مسجد برف خانہ چوک میں منعقدہ پانچ روزہ دروس عرفان القرآن کی پہلی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں اہل علاقہ کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔ علامہ سرفراز قادری نے شرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی تعلیمات میں تمام جائز رشتوں کے باقاعدہ حقوق ہیں ،ان کی ادائیگی پر اجر عظیم اور ان کو بگاڑنے والوں کو دنیا و آخرت میں سزاوں کا مستحق قرار دیا گیا ہے، آج المیہ یہ ہوا کہ ہم نے انسانی رشتوں کو اللہ اور رسولؐ کے احکامات پر فوقیت دی جسکے مضمرات نے سارے معاشرے کا امن و سکوں تباہ و برباد کر دیا، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی ترجیحات کو بدلیں اور دینی تعلیمات پر نہ صرف خود عمل کریں بلکہ کسی منظم جماعت کا حصہ بن کر فروغ اسلام میں اپنا کردار ادا کریں، اسی میں دنیا آخرت کی کامیابی ہے، تحریک منہاج القرآن یہ بھولے ہوئے سبق دوبارہ یاد کرانے کا فریضہ پوری تندہی سے سرانجام دے رہی ہے۔تقریب سے رحمانیہ مسجد کے خطیب علامہ ندیم القادری، امام علامہ عادل چشتی، تحریک کے ضلعی نائب صدر سلیم اعوان دیوانہ اور مقامی صدر ارشاد حسین شاہ نے بھی خطاب کیا۔