بنگلہ دیش اورپاکستان میں بڑھتی ہوئی قربت خوش آئندہے :ساجد میر

لاہور /ڈھاکہ (نوائے وقت رپورٹ) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستا ن کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ بنگلا دیش اور پاکستان  میں بڑھتی ہوئی قربت خوش آئند ہے۔ بنگلہ دیش کی نئی خارجہ پالیسی بھارت کیلئے چیلنج بن چکی ہے۔ اس امر کا اظہار انہوں نے ڈھاکہ میں متعین پاکستانی ہائی کمشنر سید معروف احمد کی طرف سے وفد کے اعزاز میں دی گئی تقریب سے خطاب کرتے کیا۔ ہائی کمشنر نے وفد کو بتایا کہ گزشتہ چند ماہ  میںدونوں ملکوں کے درمیان تجارتی و سفارتی تعلقات اور روابط میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے،مرکزی جمعیت اہل حدیث کے قائد ین کا دورہ دونوں ممالک میں تعلقات کی مضبوطی کا باعث بنے گا۔بنگلہ دیش میں نئی قیادت پاکستان کے ساتھ تعلقات کو نیا موڑ دینے کیلئے پر عزم ہے۔ پروفیسر ساجد میر نے ہائی کمشنر  کے خیر مقدم اور بہترین میزبانی پر ان کا شکریہ اداکیا۔انہوں نے کہا دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور ثفافتی شعبوں میں تعاون کیلئے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔خطے میں امن و امان اور ترقی کیلئے سارک ممالک سے مل کر اقدامات کیے جانے چاہئیں۔ وفد میں ڈاکٹر حافظ عبدالکریم، مولانا علی محمد ابوتراب، ڈاکٹر عبدالغفور راشد، حافظ فیصل افضل شیخ بھی شامل تھے۔

ای پیپر دی نیشن