سوار محمد حسین شہید نشان حیدر نے جنگ کے دوران بے مثال جرات دکھائی: آئی ایس پی آر 

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے نشان حیدر کے سپاہی سوار محمد حسین شہید کو ان کی 53ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 1971 میں آج کے دن ظفروال شکر گڑھ سیکٹر پر پاک بھارت جنگ کے دوران سوار محمد حسین شہید نے بے مثال جرات اور غیر معمولی لگن کا مظاہرہ کیا اور دشمن کے 16 ٹینکوں کو تباہ کیا۔ اس  عمل کے دوران دشمن کی مشین گن کی گولی ان کے سینے میں لگی اور انہوں نے جام شہادت نوش کیا۔ سوار محمد حسین شہید کی برسی مادر وطن کی خود مختاری اور وقار کے تحفظ کے لیے افواج پاکستان کے غیر متزلزل عزم اور عظیم قربانیوں کا لازوال ثبوت ہے۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ہمیں اپنے قومی ہیروز کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھنا چاہئے۔ پاکستان کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے اپنے بہادر بیٹوں کو پوری قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔

ای پیپر دی نیشن