اسحاق ڈار کے سعودی‘ بنگلہ دیشی ہم منصب سے رابطے‘ تعاون بڑھانے پر گفتگو

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے بدھ کو سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنمائوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور دونوں برادر ممالک کے درمیان موجود برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش کے ہم منصب سے بھی رابطہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور باہمی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ محمد اسحاق ڈار کی زیرصدارت حکومت کی مجموعی کارکردگی کی بہتری کیلئے اہم سرکاری محکموں کا بین الوزارتی اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر ہم آہنگی کے فروغ اور پالیسی کے نفاذ کے عمل کی بہتری کے طریقہ کار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ دریں اثناء اسحاق ڈار سے سوئٹزرلینڈ میں پاکستان کے نامزد سفیر ڈاکٹر مرغوب سلیم بٹ نے الوداعی ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم نے نامزد سفیر کو دوطرفہ تعلقات کے فروغ، معاشی اور تجارتی تعلقات کو مستحکم کرنے میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین موجودہ دوستانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے اقدامات کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

ای پیپر دی نیشن