اسلام آباد (خبر نگار) وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی بنیادی ترجیح شعبہ صحت ہے، زچگی کے دوران سالانہ 10ہزار مائیں اپنی جانیں کھو دیتی ہیں۔ 38 فیصد بچے غذائی قلت کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو صحت کے عالمی دن کی مناسبت سے عالمی ادارہ صحت کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہم اپنے ذرائع درست سمت میں استعمال کریں گے۔ 38 فیصد بچے غذائی قلت کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔ ایسے بچے معاشرے کی ذمہ داری ہیں، وہ نوکریاں حاصل نہیں کر سکتے، وہ تعلیم حاصل کرنے کے قابل نہیں ہوتے، ہمیں صحت میں طبی سہولیات کی ذمہ داری اٹھانا پڑے گی۔ اس موقع پر ڈبلیو ایچ او پاکستان کے نمائندے ڈاکٹر ڈپینگل نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ پاکستان میں زچگی سے ہونے والی اموات کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے۔ پاکستان نے نومولود بچوں میں تشنج کے خلاف جنگ میں بھی اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔