لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک یارسول اللہؐ و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام کینال بنک لاہور میں ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے جامع الوہاب صراط مستقیم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ’’فضیلت علم سیمینار‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ صاحبزادہ مرتضیٰ علی ہاشمی اور الحاج میاں محمد ادریس شاکر نے نظامت کے فرائض سر انجام دئیے۔ ڈاکٹر محمد اشر ف آصف جلالی نے کہا غلبہ اسلام کیلئے مدارس دینیہ امت مسلمہ کا بیس کیمپ ہیں۔ امت کی شان رفتہ کی بحالی کیلئے مدارس دینیہ کو قائم کرنا اور انہیں فعال رکھنا ناگزیر ہے۔ مدارس دینیہ صرف تعلیمی مراکز ہی نہیں ہوتے بلکہ فرشتوں کی آمد و رفت کا اڈا اور رحمتوں اور برکتوں کے نزول کا مقام ہوتے ہیں۔ مدارس کے ذمہ داران کی یہ ڈیوٹی ہے کہ وہ مدارس کو ہر قسم کی آلودگی سے محفوظ رکھیں اور طلباء کی تعلیم و تربیت پر زیادہ سے زیادہ توجہ دیں۔ مسلمانوں پہ لازم ہے کہ وہ مدارس کیخلاف مغربی پروپیگنڈے پر کان نہ دھریں اور گلی گلی مدارس قائم کریں۔ عصری علوم کی افادیت بھی واضح ہے مگر مدارس دینیہ نسل نو کے دینی نظریات کی حفاظت میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔