ایوان زیریں کا اجلاس جمعرات کو ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی میر مصطفیٰ شاہ کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں جاری رہا۔ پارلیمنٹرین نے حکومت و عسکری اداروں کو بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف کی جانے والی جارحیت پر موثر جواب دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف نے کہا کہ بھارت پاکستان کا ازلی دشمن ہے جس نے آج تک پاکستان کو تسلیم نہیں کیا ہے، پوری قوم بھارتی دہشت گردی کے سامنے متحد ہے۔ وزیر اطلاعات نے بھارت کی جانب سے پاکستان میں 7مئی کے حملے کے بعد ڈرون اٹیک کیے جانے بارے اراکین اسمبلی کو اعتماد میں لیا۔ انہوں نے بھارت کے اس اقدام کو غیر جانبدارانہ قرار دیتے ہوئے اسے پاکستان پر زبردستی جنگ مسلط کرنے کی ایک چال قرار دیا ہے۔ اراکین نے کہا کہ گزشتہ روز پاکستان ایئر فورس کی جانب سے دئیے گئے موثر جواب سے دشمن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا، اب خفت مٹانے کے لیے انتہائی گری ہوئی حرکت ہے کہ پاکستان کے فوجی ایریاز پر ڈرون گرائے جا رہے ہیں جو پاکستان کو جوابی جنگ کی جانب ترغیب دینے کی ایک چال ہے۔ اراکین اسمبلی نے کہا کہ بھارت بزدل دشمن ہے اس کا مقابلہ عقلمندی سے کیا جائے نہ کہ جذبات سے وزیر اطلاعات نے ایوان کو بتایا کہ قومی سلامتی کمیٹی نے فوج کو موثر جواب دینے کا اختیار دے دیا ہے، ہم سویلینز کو ہدف نہیں بناتے، بھارت نے سول آباد ی عورتوں اور بچوں کو نشانہ بنایا ہے۔