قومی صحت کی وزارت نے ترک وطن کی بین الاقوامی تنظیم کے ساتھ باہمی تعاون بڑھانے کیلئے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے قومی صحت کے بارے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ پاکستان1992ء سے ترک وطن کی بین الاقوامی تنظیم کا رکن ہے اور مفاہمت کی یادداشت پر دستخطوں کے بعد پاکستان تنظیم سے تکنیکی تعاون حاصل کرے گا۔انہوں نے کہا کہ عالمی تنظیم کے تعاون سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے صحت سے متعلق اقدامات سمیت یاران وطن پروگرام کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدام پاکستان میں صحت کے شعبے کی ترقی کیلئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی صلاحیتوں کو متحرک کرنے اور اسے حقیقت میں بدلنے کی قومی سوچ سے ہم آہنگ ہے۔ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ یاران وطن پروگرام ایک مربوط پلیٹ فارم کے اجراء کے ذریعے جسے نیشنل انفارمیشن بورڈ آف ٹیکنالوجی نے تشکیل دیا ہے معلومات اور مشاہدات کا تبادلہ کرے گا۔