اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) امریکی سفارت خانے کے ڈپٹی اکنامک قونصلر رابرٹ نیوزوم نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر ناصر منصور قریشی سے چیمبر ہاؤس میں ملاقات کی تاکہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کی نئی راہیں تلاش کی جاسکیں۔ ملاقات کے دوران فریقین نے بامعنی بات چیت کی جس میں دو طرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کو بڑھانا، دونوں ملکوں کی کمپنیوں کے درمیان براہ راست روابط کو فروغ دے کر کاروباری روابط کو مضبوط کرنا، تجارتی رکاوٹوں کی نشاندہی اور حل کرنا شامل تھا۔ناصر منصور قریشی نے ان کے دورے کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کے ساتھ قریبی اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے امریکی سفارت خانے کی کوششوں کو سراہا ۔سینئر نائب صدر عبدالرحمٰن صدیقی، نائب صدر ناصر محمود چوہدری، ایگزیکٹو ممبران عامر رحیم قریشی، عرفان چودھری، آئی سی سی آئی کے صدر کے خصوصی مشیر نعیم صدیقی، سابق ایگزیکٹو ممبر چوہدری محمد علی اور سیکرٹری جنرل غلام مرتضیٰ نے بھی میٹنگ میں شرکت کی جس سے دو طرفہ اقتصادی اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی راہ ہموار ہوئی۔ ملاقات ایک مثبت نوٹ پر اختتام پذیر ہوئی ۔