کراچی/ لاہور(وقائع نگار‘کامرس رپورٹر) بحریہ ٹائون کراچی کودو روز قبل اشتعال انگیزی کے واقعے کیخلاف بحریہ ٹاؤن لاہور کے رہائشیوں کا احتجاج دوسرے روز بھی جاری رہا۔ اس سلسلے میںدوسرے روزلاہور میں بھی تمام رئیل سٹیٹ بلڈرز ، ڈیلرز اور تمام بزنس کمیونٹیز اور بحریہ ٹائون کے رہائشیوں نے بڑی تعداد میں پرامن احتجاج کیا۔ بحریہ ٹائون لاہور کے رہائشی بھی کراچی کے حق میں کھڑے ہوئے اور اِ س پر سوزواقعے کی سخت الفاظ میںمذمت کی۔ بحریہ ٹائون ڈیلرز اینڈ بلڈر ایسوسیئشن کا کہنا تھا کہ بحریہ ٹائون جہاں بیرونِ ملک پاکستانیوں کی سرمایہ کاری کے ذریعہ پاکستان کیلئے زرِ مبادلہ لایا، وہیں سندھ کی عوام کیلئے روزگار مہیا کرنے میںبھی کامیاب ہوا۔شر پسندو ں نے بحریہ ٹائون میں داخل ہو کر اربوں روپے کے املاک کو تباہ کر دیا،جن میں کئی گاڑیاں ، موٹر سا ئیکلوں، عمارتوں ، ریسٹورنٹس ، دکانیں ،دفاتر، شورومز کو نظر آتش کیا گیااورشرکاء نے حکامِ بالاسے سوال کرتے ہوئے کہا کہ کیا بحریہ ٹائون کے کاروباری حلقوں اور رہائشیوں کیلئے انصاف کے دروازے بند رہیں گے؟ ہم نے کسی کی زمینوں پر ناحق قبضہ نہیں کیا اور کوئی اگر ایک انچ بھی اپنی ملکیت ، زمینوں پر بحریہ ٹائون کا غیر قانونی کام یا قبضہ ثابت کر دے تو بحریہ ٹائون اسکا ذمہ دار ہوگا ۔