کراچی (اسپورٹس رپورٹر)سندھ اولمپک ایسوسی ایشن نے 35ویں نیشنل گیمز کو شایان شان انداز سے منعقد کرنے کے لئے مربوط اور موثر حکمت عملی ترتیب دے دی، بھر پور انداز سے گیمز کے لئے تیاریاں کی جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے صدرو صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر اور سیکریٹری ایس او اے احمد علی راجپوت کی زیرسربراہی اجلاس میں پاکستان اولمپک کے سیکریٹری خالد محمود نے نیشنل گیمز کے حوالے سے اجلاس میں بریفنگ دی اور سیکیورٹی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ اجلاس میں نیشنل گیمز کے حوالے سے اب تک کی پیش رفت، افتتاحی اور اختتامی تقریب کے شیڈول، کھیلوں کے وینیوز، کھیلوں کے شیڈول، وینیوز کی تزئین و آرائش، کھیلوں کے سامان کی دستیابی، کھلاڑیوں اور ٹیکنیکل آفیشلز کی رہائش، ریفریشر کورسز اور ورک شاپس کے وینیوز، میڈلز کی تعداد، متعدد کمیٹیوں کی تشکیل کے حوالے سے غور وخوص کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر نے کہا ہے کہ نیشنل گیمز کراچی میں یکم مئی تا نو مئی تک منعقد ہونگے، جس میں 31گیمز کے ایونٹ منعقد ہونگے۔ سردار محمد بخش مہر نے مزید کہا کہ ملکی کھیلوں کے میدان میں دنیا ہم سے آگے نکل چکی ہے، سندھ میں بہت ٹیلنٹ موجود ہے، سندھ میں دیگر صوبوں کے مقابلہ میں کھیلوں کا انفراسٹرکچر کافی بہتر ہے، ہمیں کرکٹ کے علاوہ دیگر کھیلوں پر بھی فوکس کرنا ہے، سندھ حکومت نے سندھ گیمز، بیچ گیمز اور اسپیشل گیمز کرائی جس میں بڑی تعداد میں مرد و خواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا،ہم سب ملکر نیشنل گیمز سندھ کو کامیاب بنائیں گے۔اجلاس میں تمام صوبائی اسپورٹس ایسوسی ایشز کے عہدے داران اور 35ویں نیشنل گیمز آرگنائیزنگ کمیٹی کے اجلاس میں سیکریٹری کھیل عبدالعلیم لاشاری،کمشنر کراچی سید حسن نقوی، ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو، رینجرز حکام، پاکستان اولمپک کے صدر عارف سعید، پاکستان اولمپک کے سیکرٹری خالد محمود، نائب سیکرٹری محمد جہانگیر، پاکستان اسپورٹس بورڈ عمران یوسف، ثنا علی، گلفراز احمد خان، اصغر بلوچ سمیت دیگر نے شرکت کی۔