لاہور،گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر+نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت اہم اجلاس میں سرکاری ہسپتالوں بارے مانیٹرنگ رپورٹ کا جائزہ لیاگیا۔ صوبائی سیکرٹری صحت عظمت محمود ‘ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر محمد وسیم اور ڈپٹی سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر عبد الرحمن نے شرکت کی۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں کی انسپکشن اور مانیٹرنگ جاری ہے۔ ایم ایس حضرات کو بھی محنت کرنی ہو گی۔انہوں نے ادویات کی فہرستیں ‘ ڈاکٹرز کا ڈیوٹی روسٹرز نمایاں آویزاں کرنے اورکیو مینجمنٹ سسٹم فعال رکھنے کی ہدایت کی۔علاوہ ازیں میو ہسپتال ایمرجنسی میں جدید جرمن ٹیکنالوجی کی 128سلائس کی حامل مشین مریضوں کو مہیا کر دی گئی۔تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق تھے۔ انہوں نے کہاعوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔سی ٹی سکین مشین میو ہسپتال کی ایمرجنسی میں 24 گھنٹے مریضوں کو سہولت فراہم کرے گی۔ ایڈیشنل سیکرٹری پروکیورمنٹ انور بریار، چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ میو ہسپتال ڈاکٹر محمد اجمل، وی سی پروفیسر محمود ایاز، سی ای او میو ہسپتال پروفیسر محمد ہارون حامد‘ پروفیسر یار محمد، ایم ایس میو ہسپتال ڈاکٹر احتشام الحق و دیگر موجود تھے۔ صوبائی وزرائے صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت محکمہ صحت و آبادی میں انسداد ڈینگی مہم بارے اہم اجلاس منعقدہوااجلاس کے دوران صوبہ بھر میں ڈینگی کی تازہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔