گارڈن ٹاؤن سمیت  پوش علاقوں میں ڈاکے، گاڑیاں، موٹرسائیکلیں چوری 

لاہور (نامہ نگار) ڈاکوؤں اور چوروں نے متعدد وارداتوں میں شہریوں کو لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، زیورات، موبائل فون، موٹر سائیکلوں، گاڑیوں اور دیگر سامان  سے محروم کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں نے گارڈن ٹاؤن کے علاقے میں کلیم کے گھر  گھس کر اہلخانہ کو  یرغمال بنا کر 5 لاکھ 41 ہزار روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان، ہنجروال کے علاقے میں یاسین اور اس کی فیملی سے 4لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اور موبائل فون، باٹا پور کے علاقے میں توقیر سے ایک لاکھ 98ہزار روپے اور موبائل فون، راوی روڈ کے علاقہ میں ضمیر سے گن پوائنٹ پر 63ہزار نقدی اور موبائل فون، شادباغ میں یاسر سے گن پوائنٹ پر 50 ہزار نقدی اور موبائل فون، فیکٹری ایریا میں احمد سے 47ہزار کی نقدی اور موبائل فون، شادمان کے علاقے میں عمار سے 19ہزار نقدی اور موبائل فون، گڑھی شاہو کے علاقے میں سجاول سے 10ہزار روپے اور موبائل لوٹ لیا۔ چوروں نے مغلپورہ کے علاقے میں ماجد کے گھر سے 3 لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اور دیگر سامان چوری کر لیا۔ ڈیفنس، ماڈل ٹاؤن اور جوہر ٹاؤن کے علاقوں میں سے 3 گاڑیاں، مانگا منڈی اور نواں کوٹ کے علاقوں میں سے 2رکشے جبکہ مسلم ٹاؤن، اچھرہ، شیراکوٹ، راوی روڈ، کاہنہ اور شاہدرہ کے علاقوں میں سے7 موٹر سائیکلیں چوری کرلی گئیں۔

ای پیپر دی نیشن