کراچی :  تاجروں کا فلسطین سے اظہار یکجہتی‘  تمام مارکیٹیں بند‘ اسرائیل مخالف مظاہرے

کراچی (کامرس رپورٹر) اسرائیلی جارحیت کے خلاف اور فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے گزشتہ روز کراچی کی تمام چھوٹی وبڑی مارکیٹیں اور شاپنگ سینٹرز بند رہے۔ تاجر برادری نے یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ شہر کی تمام الیکٹرانکس مارکیٹیں بند رہیں۔ میٹھا در اولڈ سٹی ایریا اور صرافہ بازار بھی بند رہے۔صرافہ بازار بند ہونے سے سونے کے بھاؤ بھی جاری نہ ہوسکے۔کاغذی بازار،جوڑیا بازار،آرام باغ،حیدری،ناگن چورنگی،لیاقت آبادکی تمام مارکیٹیں،عبداللہ ہارون روڈ کی تمام مارکیٹیں بشمول مدینہ سٹی مال،دی سینٹر،زینب مارکیٹ،بوہری بازار،صدر کی تمام مارکیٹیں،کلفٹن، ڈیفنس، طارق روڈ،بہادر آباد،ملیر،لانڈھی،کورنگی،گولیمار،لسبیلہ،پاک کالونی،شہر کی تمام  میڈیسن مارکیٹیں، مابوئل مارکیٹ،گلشن اقبال اور گلستان جوہر کی مارکیٹیں اور کاروباری مراکز سمیت شہر بھر کی90فیصد سے بھی زائد مارکیٹیں بند رہیں اور تاجروں نے کہا کہ ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں اور اسرائیل کے مظالم کے خلاف اپنی بھرپور نفرت کا اظہار کر رہے ہیں۔ آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن اور کراچی موبائل اینڈ الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے اسرائیلی جارحیت کے خلاف اور فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے  احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا جس سے منہاج گلفام اور دیگر تاجررہنماؤں نے خطاب کیا۔

ای پیپر دی نیشن