ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد‘ ننکانہ صاحب(نمائندہ خصوصی+نمائندہ نوائے وقت +نامہ نگار) گزشتہ شب صدر سرکل تھانہ چٹیانہ اورتھانہ رجانہ پولیس نے گائوں349گ ب میں چند روز قبل دبئی میںفوت ہونے والے نوجوان کے جنازے کو گھیر لیا۔ اہلکار جنازگاہ کی چھت پر چڑھ گئے۔ماسک اتروا کرلوگوں کی شناخت کی گئی جس سے میت کی حرمت پامال ہوئی۔یہ کارنامہ پی ٹی آئی رہنما سابق ایم پی اے چوہدری سعید احمدکی گرفتاری کیلئے کیاگیا۔ بعدازاں انکی رہائش گاہ پربھی ریڈ کیا گیا۔علاوہ ازیںگزشتہ شب رہنما پی ٹی آئی امیدوار این اے106 خالد نواز سدھرآئچ کی گرفتاری کیلئے بھی پولیس سرگرم عمل رہی۔علاوہ ازیں حافظ آباد میں پولیس نے پی ٹی آئی کارکن کو گرفتار کرنے کی انوکھی کارروائی کی ۔ فوارہ چوک میں احتجاج کے الزام میں پی ٹی آئی کے 60 کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ۔ پولیس پی ٹی آئی رہنما رائے جاوید کے گھر آئی ، وہ حال ہی میں عمرہ ادائیگی سے لوٹے تھے ۔پولیس نے پہلے کھجوروں،آب زم زم،چائے اور مٹھائی کے مزے اڑائے پھرجاتے ہوئے رائے جاوید کو گرفتار کر کے ہمراہ لے گئی۔بعدازاں رائے جاوید و دیگر گرفتار کارکن ضمانت پر رہا ہوگئے۔ننکانہ صاحب میں پولیس نے گزشتہ رات پی ٹی آئی رہنما اور پی پی134کے ٹکٹ ہولڈر مہر سہیل منظور گل کی رہائشگاہ چاچکے گل پر چھاپہ مارا لیکن مہرسہیل منظور گل وہاں موجود نہ تھے۔پولیس انکے والد (ق) لیگ کے سابق ایم این اے مہر شاہد منظور گل کو پکڑ کر ہمراہ لے گئی تاہم بعد ازاں انہیںرہا کردیاگیا۔