لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ریونیو میں وفاقی بجٹ کیلئے اہم تجاویز پیش کردیں۔ اجلاس سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت ہوا ‘ملک بھر سے سرکاری و نجی شعبے کے نمائندوں سیکرٹریز، چیئرپرسنز اور ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔انجینئر خالد عثمان نے کہا لاہور چیمبر نے اراکین سے مشاورت کے بعد اپنی تجاویز تیار کی ہیں۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ کاروباری لاگت کم کرنے اور تجارتی ماحول آسان بنانے کیلئے اقدامات کرے۔ کاروبار سے متعلقہ طریقہ کار کو سادہ بنانے اور غیر ضروری ضوابط کم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہاموجودہ ٹیکس دہندگان پر مزید بوجھ ڈالنے کے بجائے ٹیکس نیٹ کو وسعت دی جائے۔پالیسی سازی میں صنعتوں کی ترقی، تجارت کے فروغ اور معاشی استحکام کو مرکزی حیثیت دی جائے۔ انہوں نے آڈٹ اور ریفنڈ میکانزم میں اصلاحات کی سفارش کرتے ؒکہا کہ ان اصلاحات سے ٹیکس دہندگان کو بہتر سہولت میسر آئیگی۔