فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کی ہراسمنٹ کمیٹی کے چیئرمین کی ہراسانی کا شکار خاتون ٹیچر نے وائس چانسلر کی بنائی انکوائری کمیٹی کو جانبدارانہ قرار دیکر عدم اعتماد کر دیا اور داد رسی کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو درخواست بھجوا دی۔ متاثرہ خاتون (گ) نے وزیراعلیٰ کو بھجوائی درخواست میں بتایا ہے کہ یونیورسٹی کی ہراسمنٹ کمیٹی کے چیئرمین پروفیسر ہدائت رسول مسلسل اسے ہراسانی کا شکار کرتے رہے ہیں، اس بابت درخواست پر وائس چانسلر نے انکوائری کمیٹی کا سربراہ پروفیسر ہمایوں عباس کو بنادیا مگر کمیٹی کے ممبران وہی رکھے ہیں جو کہ ہراسمنٹ کمیٹی میں ہدائت رسول کی ماتحتی میں کام کررہے ہیں۔ مزید یہ کہ ہمایوں عباس بھی کلین اور غیرجانبدار نہ ہے۔ متاثرہ خاتون نے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کی غیرجانبدار انکوائری یقینی بنائی جائے اور اسے ہراساں کرنے والے ملزم کو قرار واقعی سزا دی جائے۔