کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشن کراچی نے سندھ مدرستالاسلام یونیورسٹی کے تعاون سے قائد اعظم محمد علی جناح کے 146thیوم پیدائش کے موقع پر ڈجیٹل تصاویری نمائش اور سوال و جواب کے مقابلے کا انعقاد کیا۔۔ سندھ مدرستلاسلام یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب الدین اور ڈائرکٹر جنرل پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ محترمہ ارم تنویر صاحبہ نے تصاویری نمائش کا افتتاح کیا۔ تصاویری نمائش میں قائد اعظم اور علامہ اقبال کی منفرد تصاویر کے علاوہ تحریک پاکستان سے منسلک مختلف تصاویر آویزاں کی گئی تھیں جن کا مقصد طلبہ اور طالبات کو آگہی فراہم کرنا تھا ۔اس موقع پر یونیورسٹی کے طالبات کے مابین سوال و جوابات کا مقابلہ بھی کروایا گیا جس میں قائد اعظم کی ذاتی زندگی کے علاوہ تحریک پاکستان سے منسلک ان کی جدوجہد پر سوال پوچھے گئے۔ کامیاب ہونے والے طلبا کو انعامات بھی دیئے گئے ۔اس موقع پر سندھ مدرستالاسلام یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب الدین میمن نے قائد اعظم کی قائدانہ صلاحیتوں کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم کا شمار دنیا کے دس عظیم رہنماوں میں ہوتا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ کراچی محترمہ ارم تنویر نے اس موقع پر ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشن کراچی اور سندھ مدرستالاسلام یونیورسٹی کراچی کی مشترکہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یوم قائد کو منانے کے لیئے سندھ مدرستالاسلام یونیورسٹی سے بہتر کوئی جگہ نہیں ہوسکتی۔