اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے)آئیسکو انجینئرز ایسوسی ایشن (IEA) کی دعوت پر پاکستان انجینئرنگ کونسل (PEC) کے چیئرمین انجینئر وسیم نذیرنے آئیسکو ہیڈ آفس اسلام آباد کا دورہ کیاانکی آمد کے موقع پر انکا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ چیف ایگزیکٹو آئیسکو محمد نعیم جان اور چیئرمین (پی ای سی) وسیم نذیر کے درمیان آئیسکو انجینئرز اور PEC کے درمیان ورکنگ ریلیشنز شپ کو مزید مضبوط بنانے، پاور سیکٹر میں پیشہ ورانہ ذمہ داریاں سر انجام دینے والے انجینئرز کے محفوظ مستقبل، دورے حاضر کے تقاضوں کے مطابق پروفیشنل ٹریننگ اور دیگر امور کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئیسکو انجینئرز ایسوسی ایشن(IEA) کی منتخب قیادت نے چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل اور انکی ٹیم کی جانب سے انجینئرز کے حقوق کے تحفظ اور ان کی پیشہ ورانہ ترقی کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں انجینئرز کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ پاور سیکٹر میں اگر آئیسکو کا نمایاں مقام ہے تو اس کا تمام تر سہرا یقینی طور پر انجینئرز کے سر ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف انجینئر کامران آفتاب، غلام سرور، ندیم صادق ملک، اعجاز مخدوم، کاشف شاہ نے کہا کے یقینی طور پر انجینئرز کو کچھ مسائل کا سامنا ہے مگر وہ پاکستان انجینئرنگ کونسل کی موجودہ قیادت سے یہ امید رکھتے ہیں کہ وہ ان مسائل کے حل کی جانب خصوصی توجہ دیں گے اور آئیسکو انجینئرز کی مکمل سپورٹ انہیں ہر فورم پر میسر رہے گی۔ تقریب میں آئیسکو کے دیگر سینئر افسران، ایس ایز، ایکسینز اور ایس ڈی اوز نے بھرپور شرکت کی۔