راولپنڈی؍ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگار خصوصی) مالدیپ کے چیف آف ڈیفنس میجر جنرل ابراہیم ہیلمی نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ملاقات کی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میجر جنرل ابراہیم نے جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا۔ جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرز آمد پر چاق چوبند دستے نے میجر جنرل ابراہیم کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق میجر جنرل ابراہیم نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ملاقات کی جس میں دفاعی تعلقات اور مشترکہ فوجی سرگرمیاں بڑھانے پر غور کیا گیا۔ ملاقات میں دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ دونوں فریقوں نے فوجی مصروفیات اور مشترکہ اقدامات سمیت موجودہ تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ میجر جنرل ابراہیم نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور کامیابیوں کو سراہا اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کی قربانیوں کی بھی تعریف کی۔ علاوہ ازیں مالدیپ کے چیف آف ڈیفنس فورس میجر جنرل ابراہیم ہلمی نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔ معزز مہمان کثیر القومی بحری مشق امن کے ساتھ منعقد ہونے والے امن ڈائیلاگ میں بھی شرکت کریں گے۔ ملاقات میں خطے کی سکیورٹی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ معزز مہمان نے خطے میں بحری سکیورٹی اور استحکام کے حوالے سے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔ دونوں سربراہان نے دو طرفہ دفاعی تعلقات کے دائرہ کار کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے امن ڈائیلاگ میں شرکت پر چیف آف ڈیفنس فورس مالدیپ کا شکریہ ادا کیا۔ پاک بحریہ کے زیر اہتمام پہلا امن ڈائیلاگ خطے میں بحری سلامتی کے چیلنجز پر جامع بحث کو فروغ دینے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔ چیف آف ڈیفنس فورس مالدیپ کے حالیہ دورے سے دونوں ممالک بالخصوص مسلح افواج کے مابین تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔