لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگار) ڈی سی لاہور نے پی ٹی آئی کے مینار پاکستان جلسے کی درخواست مسترد کر دی۔ لاہور میں اہم ایونٹس کے باعث درخواست مسترد کی گئی۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ فیصلہ ضلعی انٹیلی جنس کمیٹی کی سفارش سے کیا گیا، فیصلہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے کیا گیا، ماضی میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیاں بھی اجازت نہ دینے کی وجہ قرار دی گئی۔ قبل ازیں پی ٹی آئی کو آٹھ فروری کو مینار پاکستان میں جلسے کی اجازت کے لئے درخواست کی جسٹس فارق حیدر نے سماعت کی۔ ان کی جلسے کی درخواست کب موصول ہوئی تھی، ڈی سی نے بتایاکہ جلسے کے لیے 29 جنوری کو درخواست موصول ہوئی، عدالت نے استفسار کیاکہ یا آپ کے قانون میں درج ہے کہ آپ کم سے کم کتنی مدت میں درخواست پر فیصلہ کریں گے۔ ڈی سی نے جواب میں کہاکہ قانون میں درخواست پر فیصلے کیلئے مدت کا ذکر نہیں ہے۔ عدالت نے فوری چیف سیکرٹری پنجاب کو طب کر لیا۔ دوران سماعت عدالتی حکم پر چیف سیکرٹری پنجاب پیش ہوگئے، جسٹس فاروق حیدر نے چیف سیکرٹری سے کہا کہ اگر آپ جلسے کی اجازت دیتے ہیں تو کیا ایک دن میں تیاری ممکن کیسے ہو گی ؟ اگر آپ ان کی درخواست پر آج فیصلہ کر دیں گے تو کیا حرج ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے کہاکہ عدالت جو حکم دے گی اس پر عمل کریں گے۔ عدالت نے قرار دیاکہ عدالت کو آپ سے ایسے ہی جواب کی توقع تھی۔ عدالت نے مینار پاکستان پر جلسہ کی اجازت دینے یا نہ دینے سے متعلق ڈی سی لاہور کو تحریک انصاف کی درخواست پر گزشتہ شام 5بجے تک فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔