رینجرز کے ذریعے کسانوں سے بجلی واجبات کی وصولی کا جواز نہیں: گورنر پنجاب 

لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ دیہات میں رینجرز کے زور سے کسانوں، کاشکاروں پر ایف آئی آر دینے اور انہیں ہراساں کرنے کی پر زور مذمت کرتا ہوں۔ حکومت کا اووربلنگ تسلیم کرنے کے باوجود رینجرز کے ذریعے کسانوں سے بجلی کے بلوں کی وصولی کرنے کا کوئی جواز نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں سے نوالہ چھین کر شہروں میں روٹی سستی کرنا مناسب نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں  کسان اتحاد اور پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کی کسان تنظیموں کے 80 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے چیف کوآرڈینیٹر جنوبی پنجاب عبدالقادر شاہین کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے ہمیشہ کسانوں کے حقوق کے لئے آواز بلند کی۔ انہوں نے کہا کہ  پیپلزپارٹی کسانوں، شتکاروں کوتنہا نہیں چھوڑے گی تو کاشتکاروں کا بھی حق بنتا ہے کہ وہ پیپلز پارٹی کو اکیلا نہ چھوڑیں۔ کسان اتحاد کے مرکزی رہنمائوں میاں عامر وٹو، ڈسٹرکٹ صدر بہاولنگر ملک محمد سلیم، حسیب انور، ملک ذوالفقار اعوان، غلام مصطفے وٹو، سردار یحیی کنول اور دیگر عہدیداروں نے زرعی شعبے کی زبوں حالی کا ذمہ دار مسلم لیگ ن کی حکومت اور شریف خاندان کو ٹھہراتے ہوئے کہا کہ انتقامی کارروائیوں کے تحت کسانوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن