راولپنڈی (جنرل رپورٹر) جماعت اسلامی پنجاب کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل رضا احمد شاہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کراچی میں جماعت اسلامی کی یوم استحصال ریلی پر کریکر حملہ کھلی دہشت گردی ہے جو کہ را کے ایجنٹوں نے کی ہے وہ ریلی کراچی کی سب سے بڑی ریلی تھی جس پر دہشت گرد آئے اور حملہ کر کے چلے گئے ‘ سندھ حکومت منہ دیکھتی رہ گئی کیونکہ اس نے ریلی کی سیکیورٹی کے مناسب انتظامات نہ کیے تھے جس کی وجہ سے دہشت گرد حملہ کرنے اور فرار ہونے میں کامیاب رہے اور ایک کارکن شہید جبکہ کئی زخمی ہو گئے۔ یہ کراچی میں جماعت اسلامی پر ہونے والا اپنی نوعیت کا پہلا حملہ ہے۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر نعیم الحق کے اعلان کے مطابق اگر چوبیس گھنٹے میں حملہ کرنے والے دہشت گرد گرفتار نہ ہوئے تو اپنا احتجاجی لائحہ عمل طے کر کے اسکا اعلان کریں گے اور ملک بھر میں بھر پور احتجاج ہوگا۔