تربیلا(نامہ نگار)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ ملک کی سلامتی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے سب سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا چاہیے ۔صدر آصف علی زرداری کی طبیعت پہلے سے بہت زیادہ بہتر ہے۔ عوام کی دعائیں انکے ساتھ ہیں۔ ہسپتال سے جلد گھر منتقل ہو جائیں گے ۔ علاج کے لئے باہر جانے کی افواہیں ہیں وہ حقیقت پر مبنی نہیں ہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل غازی کی مشہور و معروف روحانی شخصیت مرحوم پیر حمید آف عمر خانہ کے رسم چہلم کے موقع پر سینئر صحافی و تربیلا پریس کلب غازی کے صدر ملک فضل کریم کے ساتھ خصوصی گفتگو کے دوران کیا ۔انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری ہمارے بڑے اور سرپرست ہیں اور پوری قوم کی دعائیں انکے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ی پی پی پی وہ جماعت ہے جو سب جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کر سکتی ہے۔ حکومت اپنی مدت معیاد پورا کرے گی۔