تھیٹر سے فحاشی کا خاتمہ مشن‘ ایس او پیز کی خلاف ورزی قبول نہیں: عظمیٰ بخاری

لاہور (نوائے وقت رپورٹ+نیوز رپورٹر) وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ تھیٹر مالکان کی جانب سے مکمل گارنٹی کے باوجود بعض مقامات پر ایس او پیز کی خلاف ورزی کی گئی، جس پر صرف ان عناصر کے خلاف کارروائی ہو رہی ہے جو قواعد کی پاسداری نہیں کر رہے۔ عظمٰی بخاری نے واضح کیا کہ ان کا مشن تھیٹرز سے فحاشی اور بیہودگی کا مکمل خاتمہ ہے۔ ہم نے تھیٹر مالکان اور فنکاروں کو اصلاح کے لیے ایک سال کا وقت دیا تھا اور اس دوران تمام فریقین نے تھیٹرز کو فیملی انٹرٹینمنٹ کا مرکز بنانے کی تحریری گارنٹی دی تھی۔ انہوں نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ نہ کسی کی دھمکیوں کی پرواہ ہے اور نہ ہی کسی سے بلیک میل ہوں گی۔ عظمٰی بخاری نے یہ بھی اعلان کیا کہ تھیٹر سے بے حیائی کے خاتمے کے حوالے سے جلد نئی قانون سازی کی جا رہی ہے اور آئندہ چند روز میں ایک جامع تھیٹر پالیسی متعارف کروا دی جائے گی۔ وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا ہے کہ کے پی کے حکومت کے وزراء اور ان کی ٹیم نالائق اور کم علم ہے جو رمضان پیکج کے 10 ارب پارٹی لوگوں میں بانٹ دیئے۔ وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز کی زیرنگرانی قائم خصوصی سہولت بازاروں سے عوام کو اوپن مارکیٹ کی نسبت 31 فیصد زیادہ ریلیف ملا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔ خیبر پی کے میں ایک بھی رمضان بازار نہیں لگا سکے۔

ای پیپر دی نیشن