نوشہرہ (نیٹ نیوز) خیبر پختونخوا حکومت نے دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں ہونے والے دھماکے کی تحقیقات کے لیے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے، جہاں مولانا حامدالحق اور دیگر 8 افراد شہید ہوگئے تھے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک نوشہرہ کا دورہ کیا اور جمعے کو دھماکے میں شہید مولانا حامد الحق کے لواحقین سے تعزیت کی اور مولانا حامد الحق اور دیگر شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی گئی۔ وزیراعلیٰ خیبرپی کے علی امین گنڈاپور نے اس موقع پر کہا کہ اس گھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کی نشان دہی اور انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے اور اگلے چند روز میں جے آئی آٹی کا اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ واقعہ انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہے۔ مولانا حامد الحق کی شہادت ایک ناقابل تلافی نقصان ہے، شہید کی دینی اور سیاسی خدمات کو عرصہ دراز تک یاد رکھا جائے گا۔