جنڈ(نمائندہ نوائے وقت) احساس ویلفیئر ٹرسٹ پنڈسلطانی کا سالانہ مشاورتی اجلاس عظمت علی کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا۔ اجلاس میں گزشتہ سال کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور آئندہ سال فلاحی منصوبوں کو مزید بہتر اور مؤثر انداز میں سرانجام دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔اجلاس میں ٹرسٹ کے اہم اراکین سمیت معروف شخصیات نے شرکت کی جن میں سعید الرحمن مدنی، معروف صحافی انیس الرحمن، حافظ ثناء اللہ اور دیگر ممبران شامل تھے۔ شرکاء نے ٹرسٹ کے تحت مختلف فلاحی منصوبوں پر گفتگو کی اور ان کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔تقریب کے اختتام پر سابق چیئرمین یونین کونسل پنڈسلطانی، سردار آصف نواز خان مرحوم کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جن کی سماجی خدمات کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا۔احساس ویلفیئر ٹرسٹ کی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس مشن میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ معاشرے میں زیادہ سے زیادہ مثبت تبدیلی لائی جا سکے۔