قوم نہتے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں انکے ساتھ کھڑی ہے:کمشنر 

لاہور(خبرنگار)کمشنر لاہور زید بن مقصود نے 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیریوں کو ان کی جدوجہد آزادی پر سلام پیش کرتے ہوئے کہا پوری قوم نہتے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ آزادی جیسی نعمت عظیم سے کشمیری آج بھی محروم ہیں۔  بھارت کے ظلم و جبر سے کشمیری جلد نجات پائیں گے۔ ظلم کی رات ختم ہوکر رہتی ہے۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں اقوام عالم  کشمیریوں کا حق دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ قوم بہادر کشمیریوں کو ان کی جدوجہد آزادی پر سلام پیش کرتی ہے۔زید بن مقصود نے قومی انسداد پولیو مہم کے تیسرے روز شہر کے مختلف علاقوں میں مصروف کار پولیو فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کے حوالے سے جائزہ دورہ کیا۔ سی ای او ہیلتھ لاہور اور متعلقہ پولیو انچارجز نے پولیو مہم، ریکارڈ اور اپ ڈیٹ ڈیٹا پر بریفنگ دی۔ کمشنر لاہور نے والدین سے اپیل کی کہ فیلڈ ٹیمیں جانفشانی سے ہر دروازے پر دستک دے رہی ہیں۔ پولیو زندگی بھر کی معزوری ہے، اپنے بچوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ شہری اور والدین مکمل تعاون کریں۔جاری پولیو مہم میں لاہور میں 5 سال کی عمر تک کے 22 لاکھ 30ہزار134 بچوں کو پولیو قطرے پلانے کا ہدف ہے جس کیلئے 5825 موبائیل پولیو ٹیمز، 371 فکسڈ ٹیمز متحرک ہیں اور 214 ٹرانزٹ پوائنٹس کو بھی ٹارگٹ کیا جارہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن