ٹریفک حادثات سندھ حکومت کی نااہلی‘ فی کس کروڑ روپے دیا جائے ِ مصطفی کمال 

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما و وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پورے پاکستان کو ون پیشنٹ ون آئی ڈی دینے جا رہے ہیں، آئی ڈی کارڈ  ہی ایم آر نمبر بن جائے گا، اس سلسلے میں جلد چاروں صوبائی وزرا صحت اور ڈی جی نادرا سے ملاقات کرونگا، پاکستان میں 9 لاکھ نرسز کی کمی ہے جبکہ دنیا ہم سے پچیس لاکھ نرسیں مانگ رہی ہے، وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کو مشکل حالات کے باوجود بجلی کی قیمتوں میں کمی کی صورت میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے مشکل فیصلے کر رہی ہے، گھریلو صارفین بالخصوص صنعتکاروں کیلئے بجلی سستی کی جارہی ہے، اس سلسلے میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، وزیر توانائی اور ٹاسک فورس کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ سید مصطفی کمال نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ بجلی کی قیمت میں کمی کی صورت میں عوام کو منتقل کیا گیا ہے، بجلی کی قیمتوں کو کم کرنا آئی ایم ایف کی شرائط میں شامل نہیں۔ ایک پاور پلانٹ جو ایک میگا واٹ بجلی نہیں بنا رہا وہاں سات ارب سیلری کی مد میں جا رہے تھے، چھ سو ارب رویے سالانہ بجلی کی چوری ہے، تئیس سو ارب رویے کا سرکلر ڈیتھ ہے جس میں ہر سال چھ ارب کا اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستان میں مسائل کو حل کیا جا رہا یے، تمام ڈسکوز کو جلد پرائیویٹائز کیا جائے گا، کے الیکٹرک کو بھی پرائیویٹائز کیا گیا مسائل حل نہیں ہوئے، دنیا بھر میں بجلی مہیا کرنے کی ڈسکوز ہوتی ہیں ان کے پاس آپشن ہوتا ہے کہ ایک کمپنی سروس اچھی نہیں دے رہی تو دوسری سے خدمات لی جائیں۔ سید مصطفی کمال نے مزید کہا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں بلڈنگ کی ریگولیشن کو تبدیل کرنے کی مخالفت کرتے ہیں، تمام رفاحی پلاٹوں پر کنسٹرکشن کی اجازت مل جائے گی، اس قانون سازی کے بعد شہر کچھ نہیں بچے گا، یہ اپنی کرپشن کو لیگل کرنے کا فارمولا نکالا گیا ہے، کراچی دنیا کے چار بدترین رہنے کی جگہوں میں شمار ہوتا ہے، ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کے ایک اہلخانہ کے دکھ میں شریک ہیں، شہریوں کو ٹریفک حادثے میں جاں بحق کرنے والوں کیخلاف قانون سخت کیا جانا چاہیے، فٹنس کے سرٹیفکیٹ کے بغیر لائسنس دیکر شہریوں کے ساتھ زیادتی ہوئی، حکومت سندھ ٹریفک حادثے میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ کیلئے ایک ایک کروڑ روپے معاوضے کا اعلان کرے، یہ کسی قومیت کی لڑائی نہیں ہے بلکہ صوبائی حکومت کی نااہلی کا نتیجہ ہے۔ کراچی کو مشکل سے آگ، خون اور لاشوں سے باہر لائے ہیں، پختون، مہاجر، سندھی، بنگالی، برمی اس شہر کے گلدستے کے پھول ہیں۔ اس شہر میں آبادیوں کو ہجرت کرتے دیکھا ہے۔

ای پیپر دی نیشن