جہلم( نامہ نگار)عیدالفطر کے موقع پر جہاں شہری اپنے گھروں میں خوشیاں منا رہے تھے وہیں ریسکیو 1122 جہلم کے اہلکار دن رات عوام کی خدمت میں مصروف رہے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 انجینئر سعید احمد کے مطابق عید کے تین دنوں کے دوران ریسکیو ٹیموں نے 233 ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس دیا اور مجموعی طور پر 244 افراد کو ریسکیو کیا۔ ان میں سے 72 افراد کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ 163 زخمیوں اور بیمار افراد کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق ، عید کے دوران ہونے والی ایمرجنسیز میں 52 ٹریفک حادثات نمایاں رہے جن میں 184 افراد زخمی ہوئے۔ اس کے علاوہ، 154 میڈیکل ایمرجنسیز رپورٹ ہوئیں جبکہ 7 افراد مختلف مقامات سے گرنے کے باعث زخمی ہوئے۔ کرائم ایمرجنسیز کے 3، آتشزدگی کے 3 اور دیگر مختلف نوعیت کی 14 ایمرجنسیز پر بھی ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کی۔ بدقسمتی سے ان حادثات میں 9 قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد نے کہا کہ ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے عیدالفطر کے موقع پر بھی اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے بہترین خدمات سرانجام دیں، انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ دورانِ ڈرائیونگ اور موٹر سائیکل چلاتے وقت سیفٹی اصولوں پر عمل کریں تاکہ حادثات سے بچا جا سکے اور قیمتی جانوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔