ٹرمپ کی براہ راست مذاکرات کی پیشکش‘ دھمکیوں سے گریز کیا جائے: ایران

واشنگٹن ‘تہران (این این آئی+نوائے وقت رپورٹ) امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو براہ راست مذاکرات کی پیشکش کر دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صحافیوں سے گفتگو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ بہتر یہ ہوگا کہ ایران سے براہ راست بات چیت ہو کیونکہ یہ تیز تر عمل ہے اور آپ کو دوسرے فریق کو سمجھنے کا زیادہ بہتر موقع ملتا ہے بہ نسبت اس بات کے کہ آپ کسی مصالحت کار کے ذریعے بات کریں۔ ایران مصالحت کاروں کو استعمال کرنا چاہتا تھا مگر شاید اب ایسا نہیں۔ انہوں نے امکان ظاہر کیا کہ ایران براہ راست بات چیت پر آمادہ ہوجائے گا‘ اس سے پہلے ایران نے براہ راست بات چیت کا امکان مسترد کر دیا تھا مگر ساتھ ہی بالواسطہ بات چیت پر آمادگی ظاہر کی تھی۔ ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے امریکی صدر کی براہ راست مذاکرات کی دعوت پر ردعمل میں کہا ہے کہ اگر امریکہ مذاکرات کرنا چاہتا ہے تو دھمکیوں سے گریز کرے۔ امریکہ کی خراب پالیسیوں سے اس کی دنیا بھر میں رسوائی ہو رہی ہے۔ امریکہ کا غیر سنجیدہ رویہ مذاکرات کی درخواست سے متصادم ہے۔ ایران امریکہ سے برابری کی سطح پر مذاکرات کیلئے تیار ہے۔

ای پیپر دی نیشن